مال روڈ (سعود بٹ) چوری اور گمشدہ موبائل فون بلاک کرنے کیلئے نیا نظام نافذ، خود کار گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم کا آغاز کر دیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق نیا نظام ان صارفین کیلئے مددگار ثابت ہو گا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں، صارفین موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کیلئے پی ٹی اے کو آئی ایم ای آئی نمبر بھیج کر درخواست دے سکتے ہیں، ایل ایس ڈی ایس ایک خودکار نظام ہے اور پی ٹی اے کی ڈی آئی آر بی ایس کے ساتھ مربوط ہے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا کہ چوری شدہ موبائل فون شکایت کے اندراج کے بعد ضروری تصدیق کے بعد 24 گھنٹے کے اندر بلاک کردیا جائے گا، صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے فون بلاکنگ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ کنزیومر سپورٹ سنٹر ٹول فری نمبرپر بھی رابطہ کرسکتے ہیں، گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو اَن بلاکنگ کیلئے بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل فون ان لاک ہوجانے پر صارف کو فراہم کردہ نمبر پرایک ایس ایم ایس موصول ہوگا۔
دوسری جانب سمارٹ فون بنانے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ویوو کی جانب سے پاکستان میں ایکس سریز کا پہلا جدید ترین سمارٹ فون X60 Proمتعارف کروا دیا گیا ،کامیا ب پری بکنگ کے بعد 6اپریل 2021سےX60 Pro کی ملک بھر میں فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ویوو X60 Pro، ویوو کی ان اوّلین ڈیوائسز میں سے ایک ہے جنہیں آپٹکس اور اوپٹو الیکٹرانکس کے حوالے سے عالمی سطح پرلیڈر کی حیثیت رکھنے والی کمپنی ZEISSکے اشتراک سے تیا ر کیا گیا ہے۔