استنبول چوک (راؤ دلشاد) رمضان بازاروں کے قیام سے متعلق فیصلہ ہوگیا، ضلعی انتظامیہ 20 کروڑ کی لاگت سے 30 رمضان بازار لگائے گی جو9 اپریل سے فعال ہونگے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مہر عبدالرؤف کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا، میٹروپولیٹن کارپوریشن ہیومن ریسورس فراہم کرے گی، ضلعی انتظامیہ کو ٹاسک دیدیا گیا۔
کورونا ایس او پیز کے مطابق بازار لگانے کے سخت احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، 11 ماڈل بازاروں کو رمضان بازار کا درجہ دیا جائے گا، 19 نئے عارضی رمضان بازار لگائے جائیں گے، ضلعی انتظامیہ نے 25 شعبان سے بازارفعال کرنے کیلئے 6 کنٹریکٹر فرموں کو فائنل کرلیا، گلبرک زون میں چار، نشتر زون میں چار، راوی زون میں تین، سمن آباد زون میں تین بازار لگائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
داتا گنج بخش زون میں تین، اقبال زون میں پانچ، واہگہ میں دو، عزیز بھٹی زون میں تین اور شالامار زون میں بھی تین رمضان بازار لگیں گے، گلبرگ زون میں مکہ کالونی، برکت مارکیٹ میں کے ایف سی کے قریب، باب پاکستان والٹن روڈ اور غالب مارکیٹ کرکٹ گراؤنڈ میں بازار لگائے جائیں گے، نشتر زون میں ماڈل بازار ٹاؤن شپ، ٹیپو بلاک، ماڈل بازار شیر شاہ کالونی اور کاہنہ نو کوٹ میں فیروز پور روڈ پر لگائے جائیں گے، راوی زون میں چوک بیگم کوٹ، موچی گیٹ اور ایان شادی ہال الہٰی بخش روڈ پر رمضان بازار لگیں گے۔
سمن آباد زون میں ماڈل بازار وحدت روڈ، ندیم شہید روڈ اور گلشن راوی مون مارکیٹ میں لگیں گے، داتا گنج بخش زون میں شادمان، بابا گراؤنڈ اسلام پورہ اور کریم پارک گول گرائونڈ میں لگیں گے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کہتے ہیں کہ بازاروں کی نشاندہی کر دی گئی ہے، ضرورت پڑی تو تعداد بڑھائیں گے۔
علاوہ ازیں پنجاب روز گار اسکیم کے تحت انصاف سستی موبائل شاپس کا آغاز بھی ہوگیا، ضلعی انتظامیہ نے شہر میں 200 سستی موبائل شاپس لگائی گئی ہیں، جہاں پر شہریوں کو پھل اور سبزیاں منڈی کے نیلامی کے ریٹس پر دستیاب ہوں گی۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد نے گلشن راوی، اقبال ٹاؤن مون مارکیٹ، کھاڑک نالہ اور یتیم خانہ پوائنٹس پرموبائل رکشہ شاپس کا جائزہ لیا، انہوں نے موبائل شاپ پر پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی اور ریٹس چیک کیے اور ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔