(سعید احمد سعید)ریلوے ورکشاپس میں کورونا وائرس کے 3 مریض سامنے آنے پر ورکشاپس میں غیر معینہ مدت کیلئےکام بند , مغلپورہ ورکشاپ، لوکو شاپ، سٹیل شاپ،نیو ڈیزل انجن شیڈ،کیرج شاپ،پاور ہاوس، سگنل شاپ میں کام بند کیا گیا،ورکشاپس کی بندش کیلئےدنوں کے تعین کا فیصلہ وزیر ریلوے شیخ رشید کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ورکشاپس میں کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے پر ورکشاپس کو غیر معینہ مدت کیلئےبندکردیاگیا، مغلپورہ ورکشاپ، لوکو شاپ، سٹیل شاپ،نیو ڈیزل انجن شیڈ، کیرج شاپ،پاور ہاوس، سگنل شاپ میں کام بند ہو گیا، ریلوے کے تمام انجن شیڈ بھی ایک روز کے لیے بند کردئیے گئے جبکہ اولڈ ڈیزل انجن شیڈ میں فریٹ انجن کی مرمت کرنیوالا سٹاف موجود ہے۔
ریلوے افسران کی جانب سے تمام ورکس مینجرز اور سپروائزرز کو آگاہ کردیا گیا ہے, چئیرمین ریلوے حبیب الرحمن گیلانی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی منظوری کے بعد بندش کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا, ذرائع کے مطابق کمشنر کی جانب سے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ورکشاپس اور ڈی ایس لاہور کو ورکشاپس بند کرنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزریلوے انجن شیڈ لاہور میں کام کرنے والے باپ اور بیٹے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی،دونوں مریضوں کو میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، کورونا وائرس کے کنفرم مریض ریلوے ورکشاپ میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے، کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر ریلوے ملازم اور دوسرے بیٹے کا ٹیسٹ پوزیٹو آنے پر انہیں آئسولیشن میں رکھا گیا۔
محکمہ صحت نے ریلوے ملازم کے گھر کو آئسولیشن زون قرار دے دیا، ٹیسٹ کی رہورٹ مثبت آنے پر ریلوے ملازم اور اس کے بیٹے کو میو اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا،جبکہ ریلوے ملازم کے گھر کے باہر کورونا پوزیٹو کا نوٹس چسپاں کردیا گیا ہے,گزشتہ دنوں پی آئی اے کے دو پائلٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی.