عاطف اسلم کی آواز میں اذان سن کر ہندو مداح کی اسلام قبول کرنیکی خواہش

8 Apr, 2020 | 08:35 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں دی جانے والی اذان نے نہ صرف پاکستان اور دنیا بھر میں موجود مداحوں پر رقت طاری کی بلکہ ان کے غیر مسلم پرستاروں پر بھی سحر طاری کردیا۔

کورونا وائرس سے نجات پانے کے لیے گزشتہ کئی دنوں سے پاکستان میں مقررہ اوقات کے علاوہ بھی اذانیں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور خدا سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کی جارہی ہے، عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکارعاطف اسلم  نے بھی دو روز قبل اپنے یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام پر اذان کی ویڈیو شیئر کی، جس میں اذان کے ساتھ دکھائے جانے والے مناظر میں خانہ کعبہ، گنبد خضریٰ، قرآن کریم اور خدا کی قدرت شامل ہے۔ عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں دی جانے والی اذان نے سننے والوں پر رقت طاری کردی اور لوگوں نے انہیں بے حد سراہا۔

عاطف اسلم کو سراہنے والوں میں صرف ان کے مسلمان مداح ہی شامل نہیں تھے بلکہ سرحد پار سے غیر مسلم مداحوں نے بھی عاطف اسلم کی آواز میں دی جانے والی اذان کو سنا اور اس کی بے حد تعریف کی۔

یوٹیوب پر عاطف اسلم نے اذان کی ویڈیو کے ساتھ پیغام لکھا ”اللہ سب سے بڑا ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدﷺاللہ  کے پیغمبر ہیں۔

 یوٹیوب پر عاطف اسلم کی آواز میں اذان کو اب تک دنیا بھر سے لاکھوں لوگ سن چکے ہیں اور ہزاروں نے اس پر تبصرے کیے، انکیت پراجاپتی نامی ایک غیر مسلم مداح نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا میں ہندو ہوں لیکن مجھے اسلام بہت پسند ہے اور میں اس مذہب میں داخل ہونا چاہتا ہوں۔

دوسری جانب عاطف اسلم نے کورونا لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کے باعث گھر میں مایوس ہوتے مداحوں کے لیے ان کی فرمائش پر تاجدارِ حرم بھی پڑھی۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم کی آوازمیں پڑھا گیا مشہور و معروف کلام تاجدارحرم اور حمد باری تعالی وہی خدا ہے کی پذیرائی دنیا بھر میں ہوئی تھی۔

مزیدخبریں