ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام، محکمہ پرائمری ہیلتھ کی نااہلی سامنے آگئی

8 Apr, 2019 | 09:45 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چودھری ) محکمہ پرائمری ہیلتھ کے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام میں سنگین بے قاعدگیوں کے باعث رواں مالی سال میں ادویات خریداری کا عمل مکمل نہ ہوسکا، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ سے 80 ہزار مریضوں کیلئے ادویات ادھار لے کر گزارہ کیا جائے گا، ادویات خریداری اب اگلے مالی سال میں ہی ہوسکے گی۔

محکمہ پرائمری ہیلتھ کے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام میں سنگین بے قاعدگیوں کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران ادویات خریداری نہیں ہوسکی ہے، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے مہنگی ادویات خریدنے کی کوشش کا علم ہونے پر محکمہ پرائمری ہیلتھ کے حکام نے اس عمل کو منسوخ کر دیا جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب ادویات خریداری ممکن نہیں رہی۔

ادویات خریداری میں ناکامی کے بعد اب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے 80 ہزار مریضوں کیلئے ادویات ادھار لے لی ہیں، اس سے قبل بھی مریضوں کیلئے ادھار ادویات لی گئی تھیں۔ مجموعی طور پر اب تک سوا لاکھ مریضوں کیلئے ادویات رواں مالی سال میں ادھار لی جا چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے پاس ضرورت سے زائد ادویات ہونے کی وجہ سے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کو ادھار ادویات میسر آئی ہیں جن سے مریضوں کے علاج کو جاری رکھا جائے گا جبکہ اب ادویات خریداری آئندہ برس ہی ہوسکے گی۔

مزیدخبریں