( عابد چودہری ) شہریوں کے تخفظ کے لیے بنائی گئی ڈولفن فورس کے اہلکار ہی ڈکیتی وارداتیں کرنے لگے، کوٹ لکھپت میں شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کرنے والا ڈولفن اہلکار ساتھی سمیت دھر لیا گیا، گرفتار ملزمان نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کا بھی انکشاف کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈولفن فورس کا اہلکار جاوید وٹو اپنے ساتھی کے ساتھ کوٹ لکھپت کے علاقے میں شہری کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کر رہا تھا جہاں ملزمان نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے شہری کو زخمی کر دیا جبکہ موقع پر موجود علاقہ مکینوں نے ڈولفن اہلکار اور اس کے ساتھی کو دبوچ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ڈولفن اہلکار اقبال ٹاؤن سرکل میں تعینات تھا جس نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان بھی قبضہ میں لے لیا ہے جبکہ ستمبر 2018 میں بھی دو ڈولفن اہلکاروں کو ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو زخمی کرنے پر پکڑا گیا تھا۔
دوسری جانب ایس پی ڈولفن کا کہنا ہے کہ ڈولفن اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے جس کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔