سٹی 42 : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں 2دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا ۔
سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب کو کارروائی کی، کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا اور مؤثر کارروائی کی، اس دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے زیر قبضہ اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور یہ دہشت گرد اس علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث تھے،اعلامیے میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج اپنی قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے بدستور پرعزم ہے۔
سورس ؛ آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم کی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ قلات میں سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں نے بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت سے معصوم شہروں کے خلاف کارائیوں میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا،پاک سر زمین سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شریک سیکورٹی فورسز کے بہادر افسران و جوانوں پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے.