سٹی42: پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے سرحدی ضلع مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کی عمارت پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
6 ستمبر کی صبح 4 خودکش خوارج کے ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے ایف سی کیمپ میں خوارج دہشتگردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی اور چاروں خوارج خودکش بمباروں کو نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا ۔ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹیں ، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور بارودی مواد ملا۔
اس واقعہ کے فوراً بعد علاقے میں کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں۔