حاشر احسن: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور لا قانیت کے خلاف جلسہ ہوگا،اس ملک اور عدلیہ کی آزادی کیلئے یہ جلسہ ہوگا۔
بیرسٹر گوہر خان نے جلسہ گاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمیں این او سی دیا،ہم قانون اور آئین کے مطابق اپنا حق استعمال کر رہے ہیں،یہ جلسہ پر امن ہوگا، نہ لانگ مارچ ہوگا نہ دھرنا ہوگا۔ مہنگائی اور لا قانیت کے خلاف جلسہ ہوگا،اس ملک اور عدلیہ کی آزادی کیلئے یہ جلسہ ہوگا۔ کل اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہو چکا ہے،تمام اتحادی ہمارے ساتھ اس جلسے میں شریک ہوں گے۔ جلسے کی وجہ سے میں اڈیالہ جیل نہیں جا سکا، سوموار کو میں بانی پی ٹی آئی سے ملوں گا۔ بیرسٹر گوہر نے کہاکہ میری اسلام آباد کی انتظامیہ سے درخواست ہے جب این او سی ہے تو راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں،ہمارے دو کارکنان کو پکڑا گیا ہے، پولیس سے درخواست ہے کہ یہ جلسہ پر امن ہے،کل 2 بجے جلسہ ہوگا اور ہمارے کوشش ہوگی کہ وقت پر جلسہ ختم کیا جائے،مختص وقت سے اگر 1، 2 گھنٹے زیادہ بھی ہو جاتے ہیں تو انتظامیہ کو تعاون کرنا چاہئے۔