وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں کنورٹ ہو چکی ہے ۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پچھلے ایک مہینے سے جلسہ جلسہ کا راگ الاپ رہے ہیں، انکے پاس جلسے کے لیے فنڈز ہیں، نہ بندے ہیں، نہ سہولت کاری ہے ، ہمیں معلوم ہے جلسے، جلوس اور دھرنے ان کا کاروبار ہیں۔ جو اداروں کے خلاف آپ لوگوں نے جلسے میں زہر اگلنا وہ روزانہ بیانات اور پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں ، فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے ۔
عظمی بخاری نے کہا کہ اب ان کو ہیڈ لائنز میں جگہ بنانے کے لیے بھی مریم نواز کا نام لینا پڑتا ہے ۔ اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے ، عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اپنے اصل دشمن کو پہچانیں، یہ شخص جیل سے نکلنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے ۔ فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلاؤ گراؤ کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ اور ملکی خزانے کے چوروں کو اب کچے کے ڈاکوؤں کی بھی فکر ہو رہی ہے ، مریم نواز توشہ خانہ کے چوروں کو بھی لگام ڈالیں گی اور کچے کے ڈاکوؤں کو بھی انجام تک پہنچائیں گی ۔