بھارت کی نجی ائیرلائن کی انٹرنیشنل فلائٹ میں بم کی اطلاع ملنے پر مسافروں سے بھرے طیارے کو ترکیہ کے ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروا دی گئی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ممبئی سے فرینکفرٹ جانے والے طیارے کے باتھ روم سے ایک کاغذ ملا جس پر لکھا تھا کہ ’جہاز میں بم ہے‘ یہ تحریر ملتے ہی پائلٹ نے قریب ترین ائیرپورٹ تلاش کیا جو ترکیہ کا ارضروم ائیرپورٹ تھا۔ پائلٹ نے ارضروم ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور کو صورتحال بتا کر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی جو فوراً مل گئی۔ طیارے کو ہنگامی طور پر ترکیہ کے ارضروم ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق طیارے میں 234 مسافر اور عملے کے 13 افراد سوار تھے جنہیں طیارے سے بحفاظت ائیرپورٹ کے لائونج میں پہنچا دیا گیا ہے۔ ہ بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار جہاز کی تلاشی لے رہے ہیں۔
ائیرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ پروٹوکول کے مطابق متعلقہ حکام کو فوری طور پر الرٹ کیا گیا اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔
طیارے کی لینڈنگ کے بعد ارضروم ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔