مانیٹرنگ ڈیسک: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دفاعی اخراجات کیلئے 40 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تین نکاتی ایجنڈے پر غور کیاگیا۔اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کمپنی لمیٹڈ کی ری اسٹرکچرنگ کیلئے مالی فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ پی آئی اے کی جانب سے ایف بی آر کے ٹیکس کی مد میں ماہانہ دو ارب روپے کی ادائیگی مؤخر کرنے کی سمری بھی مسترد کردی گئی۔
پی آئی اے ایک ارب 30 کروڑ روپے ماہانہ ایف بی آر کو ایف ای ڈی مد میں ادا کرتا ہے جبکہ 70 کروڑ روپے ماہانہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ادا کرتا ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پی آئی اے کی تنظیم نو کا ٹھوس پلان آنے کے بعد فنانس ڈویڑن اور اسٹیٹ بینک مالیاتی معاونت کریں گے۔
اجلاس میں وزارت دفاع کورواں مالی سال 2023-24 کے ڈیفنس سروسز مختلف پراجیکٹس کیلئے ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دیدی۔
علاوہ ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز مارجن میں اضافے کی بھی منظوری دیدی، جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلر ز کا مارجن ایک روپے 64پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔ مارجن میں پندرہ ستمبر سے ہر پندرہ دن بعد 41پیسے فی لیٹر کی چار اقساط میں اضافہ کیاجائے گا۔
ای سی سی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن ایک روپے 87 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی منظوری دیدی۔ جو چار اقساط میں 15 ستمبر سے بڑھایا جائے گا۔