(ملک اشرف) بغاوت کا قانون لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا،عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔
جسٹس شان گل نے سماجی کارکن ڈاکٹر عمار علی جان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سول لائن پولیس نے سٹوڈنٹس مارچ کے دوران اشتعال انگیز تقریر کا الزام لگایا، مقدمہ میں غداری کی دفعات بھی بلاجواز شامل کی گئیں، درخواستگزار کیخلاف لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوتے۔ ڈاکٹر عمار کیخلاف لگائے گئے الزامات آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔
دوران سماعت جسٹس شان گل نے کہا کہ عدالت نے صرف یہ دیکھنا ہے کہ آئینی طور پر غداری کی دفعہ بنتی ہے یا نہیں، مقدمہ کے اخراج کا معاملہ عدالت نہیں دیکھے گی۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ ہدایت لینے کیلئے وقت دیا جائے، جس پر عدالت نے سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔