ویب ڈیسک:پاکستان کرکٹ ٹیم کے بہترین بلےبازبابراعظم نے بہت کم وقت میں اپنی جگہ بنائی انہوں نے بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کے بہت سے ریکارڈ توڑتے ہوئے کامیابیاں حاصل کیں۔
ریکارڈ ایک ہزار سے زائد دنوں تک آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بابراعظم کی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی۔ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اب تک تین میچز کھیل چکا ہے جس میں دو میں اسے کامیابی جبکہ ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ان تین میچوں میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی۔انہوں نے 11 کی اوسط سے 33 رنز بنا رکھے ہیں۔
گروپ اسٹیج کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف بابراعظم محض دس رنز بنا کر پولین لوٹ گئے تھے، جب کہ دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف انہوں نے 9 رنز بنائے تھے۔
ایشیا کپ سوپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں کپتان بابراعظم ایک مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابراعظم کے برعکس قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اس وقت ایشیا کپ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کرکٹر ہیں۔انہوں نے 96 کی اوسط سے 192 رنز بنا رکھے ہیں۔
محمد رضوان نے بھارت کے خلاف پہلے میچ میں 43، ہانگ کانگ کے خلاف 78 اور دوبارہ بھارت کے خلاف 71 رنز کی اننگز کھیلی۔اسی طرح بھارت کے سوریا کمار یادیو گزشتہ دو اننگز میں اچھی بیٹنگ کر کے بابراعظم کی نمبر ون پوزیشن کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے 49 کی اوسط سے 99 رنز بنا رکھے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں بابراعظم 810 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، محمد رضوان 796 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ سوریا کمار 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے آئندہ آنے والے میچوں میں اچھی بلے بازی کرنا ہو گی ورنہ محمد رضوان یا سوریا کمار ان سے یہ اعزاز چھین سکتے ہیں۔