سٹی 42:زمیں پھٹی نہ آسماں گرا،باپ کے سامنے 5 سالہ بیٹا قتل کردیا گیا۔
پھولنگر میں ادھار رقم واپس نہ کرنے پر 5 سالہ بچے کو قتل اور والد کو زخمی کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق کباڑ کا کام کرنے والے ریاض نے ملزمان سے 90 ہزار روپے ادھار لے رکھے تھے، ریاض اپنے 5 سالہ بیٹے عمرفاروق کو گود میں لے کر اپنی دکان پر بیٹھا کہ تھا کہ ملزمان آئے اور رقم کا مطالبہ کیا، ریاض نے رقم کی واپسی کے لیے مہلت مانگی جس پر ملزمان نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ گولیاں لگنے سے باپ کی گود میں بیٹھا بچہ جاں بحق جب کہ والد زخمی ہوگیا۔زخمی ریاض نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی بجائے الٹا اس پر ہی اپنے بیٹے کو قتل کرنے کا الزام لگا کر تشدد بھی کیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ریاض پرکوئی تشدد نہیں کیا، مدعی کی درخواست پرفوراً مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان عارف اور آصف کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
یاد رہے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں چوری، ڈکیتی، راہزنی، زیادتی اور قتل جیسے واقعات کی وجہ سے صوبے کا سکون تباہ ہوکر رہ گیا ہے، لوٹ مار، راہزنی،ڈکیتی اور قتل جیسے ہولناک واقعات نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیا،لوگوں کا قانون سے یقین اٹھتا جارہا ہے۔ گزشتہ روز رائیونڈ میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں غضنفر علی نامی شخص جو کہ ایک فارم ہاؤس پر ملازمت کرتا تھا اور اس کی دیکھ بھال کرتا تھا کے گھر میں ڈاکو داخل ہوئے اور لوٹ مار کی، اسی دوران دو ڈاکوؤں نے غضنفر کی بیوی کو واردات کے دوران زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔