(یاور ذوالفقار) سیشن کورٹ نے سابق وزیراعظم نوار شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عبوری ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کردی، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مقدمے کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر علی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اپنے وکلاء کے ہمراہ عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پرعدالت میں پیش ہوئے، درخواست ضمانت میں نشاندہی کی گئی کہ پولیس نے ان کی اہلیہ مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد کیپٹن صفدر اور لیگی کارکن جہانزیب پر پولیس اہلکاروں سے ہاتھ پائی کا مقدمہ درج کیا۔
درخواست ضمانت میں دعویٰ کیا گیا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف حقائق کے برعکس سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل نے یہ خدشہ ظاہرکیا کہ ان کے موکل کو گرفتار کرلیا جائے گا، اس لیے انکی ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نےکیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار نہ کرنے کے عبوری حکم میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ تفتیش مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔