ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر اداکارہ نے اداکاری چھوڑ دی؟ حقیقت سامنے آ گئی

7 Oct, 2024 | 07:51 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  مذہبی سکالر کے ساتھ سوال جواب کے نتیجہ میں کسی اداکارہ نے اداکاری چھوڑ دی یا نہیں، سوشل پلیٹ فارمز پر افواہوں کی یلغار کے بعد اداکارہ کی وضاحت سامنے آ گئی۔

  کراچی کے گورنر ہاؤس میں بھارتی نژاد مذہبی مبلغ  ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ایک بڑے عوامی اجتماع میں اداکارہ یشما گل کے ساتھ ان کی گفتگو  کے متعلق یہ بات سامنے آئی کہ  ڈاکٹر ذاکر نائیک کے روانی کے ساتھ  ان کے متعلق کچھ بات کہنے سے یہ تاثر بھی پھیل گیا کہ شاید معروف اداکارہ نے اداکاری ہی چھوڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس موضوع پر افواہیں اتنی بڑھیں کہ اداکارہ کو اپنی ذاکر نائیک کے ساتھ گفتگو کی وضاحت کرنا پڑ گئی۔

 اداکارہ یشما گل سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد کروائے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیکچر میں شریک ہوئیں تو انہوں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ایک سوال بھی پوچھ لیا۔

سوال و جواب کے سیشن میں یشما کے سوال کے جواب میں نائیک نے ان کی دین کی طرف واپسی کی تعریف کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ذاکر نائیک کے جواب میں شامل اس تبصرہ سے  لوگوں میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ یشما گل نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

اجتماع میں اپنے ذاکر نائیک کے ساتھ سوال جواب  کی ویڈیو سوشل پلیٹ فارمز پر  بعض لوگوں نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ شاید یشما گل نے اداکاری چھوڑ دی ہے اور وہ "دین کی طرف واپس آ گئی"۔ ایسی افواہیں وائرل ہونے کے سبب  یشما گل نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اداکاری نہیں چھوڑی۔

یشما نے بتایا کہ  وہ اب بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور  اداکارہ کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں،  ذاکر نائیک سے سوال کے دوران مائیک میں مسائل کی وجہ سے ان کی بات ٹھیک طرح سے نہیں پہنچ سکی، جس سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔ اداکارہ نے ذاکر نائیک سے سوال پوچھنے سے پہلے بتایا  کہ وہ ماضی میں  لادین ہوگئی تھیں، پھر  ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیانات سن کر اور ویڈیوز دیکھ کر واپس دین کی طرف آئیں۔ اداکارہ کا سوال قدیم مسئلہِ قضا و قدر کے متعلق تھا، ذاکر نائیک کا جواب یہ تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی تقدیر مقرر نہیں کر رکھی بلکہ اللہ تعالیٰ مستقبل کے متعلق مکمل علم رکھنے کے سبب یہ جانتے ہیں کہ کوئی انسان مستقبل میں کیا کرے گا۔ جو کچھ کرنا ہے اس کا انسان کو مکمل اختیار ہے۔ 

ذاکر نائیک کے جواب کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث کے جواب میں، یشما نے کہا کہ انہوں نے ذاکر نائیک کو ٹوکنا مناسب نہیں سمجھا  تھا۔ اداکارہ یشما گل نے  اس واقعے پر معذرت بھی کی اور کہا  کہ اگر ان کی کسی بات سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو وہ معذرت چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں