(ویب ڈیسک) کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی ندی کے قریب بند سے معمرخاتون کی بوری میں بند تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی ندی کے قریب بند سے خاتون کی بوری میں بند تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور خاتون کی لاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کےلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن کے مطابق مقتولہ خاتون کی عمر 60 سے 65 سال کے درمیان تھی، جس کے سر پر چوٹ لگی ہوئی ہے ۔ پولیس نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ خاتون کو قتل کہیں اور کیا گیا اور لاش زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں لاکر پھینکی گئی۔ فوری طور پر خاتون کی لاش کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حتمی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔