سٹی42: جمعہ کے روز حیدر آباد دکن میں آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان کے کھلاڑی محمد رضوان نے پانی کے وقفہ کے دوران گراؤنڈ میں نماز ادا کی جس کی ویڈیو کلپ میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی۔
اس میچ میں پاکستان کے 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ نیدرلینڈز کی اننگز جاری تھی کہ میچ میں پانی کے وقفہ کے دوران محمد رضوان نے گراؤنڈ میں ہی نماز ادا کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر اکثر لوگ محمد رضوان کے اس عمل کی تعریف کر رہے ہیں تاہم بھارت میں انتہا پسند ہندؤں کی جانب سے محمد رضوان کے گراؤنڈ میں نماز پڑھنے پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ حالانکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رضوان نے میچ کے دوران گراؤنڈ میں نماز ادا کی ہو۔ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران بھی محمد رضوان نے گراؤنڈ میں نماز پڑھی تھی۔ تب ان کی تصویریں میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
سوشل میڈیا پر بعض مداحوں نے محمد رضوان کی نماز کی ادائیگی کو کھیل اور مذہبی فریضہ کی ادائیگی میں مذہب کے عائد کردہ کو ترجیح دینے کی اچھی مثال قرار دیا اور محمد رضوان کو مشورہ دیا کہ کوئی کچھ بھی کہے انہیں اپنی نماز کی ادائیگی کے حوالے سے اپنے دل کی آواز پر عمل کرنا چاہئے۔ بعض مداحوں نے کہا کہ جب رب راضی ہو تو کھیل سمیت ہر میدان میں کامیابی کے راستے از خود کھل جاتے ہیں۔ ایک مداح نے محمد رضوان کی نماز کو پاکستانی ٹیم کے لئے باعثِ برکت قرار دیا اور کہا کہ یقیناً پاکستان کو میچ میں کامیابی اسی نماز کی وجہ سے ہحاصل ہوئی۔