(ویب ڈیسک)ایپل کے آئی فون 14 سیریز کو متعارف ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا مگر اس کمپنی کی آئندہ سال کی ڈیوائسز کے بارے میں لیکس ابھی سے سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق نئی لیکس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 15 سیریز یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ سے لیس ہوگی۔درحقیقت یہ 11 سال (2023 میں) بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔ یورپی یونین کی جانب سے 2024 سے تمام الیکٹرونک ڈیوائسز کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے قانون کی منظوری کے باعث ایپل کو اپنے آئی فونز فروخت کرنے کے لیے چارجنگ پورٹ کو بدلنا ہوگا۔اس سے قبل 2012 میں کمپنی نے 30 پن ڈوک کنکٹر کی جگہ لائٹننگ پورٹ کو دی تھی۔
یورپ سمیت پوری دنیا میں آئی فون 15 سیریز کے فونز میں یو ایس بی ٹائپ سی چارجنگ پورٹ کو دیا جائے گا اور لائٹننگ پورٹ کو ختم کردیا جائے گا۔ یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو اس سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔
ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ 2023 میں ایپل کی جانب سے پرو میکس ماڈل کو الٹرا سے بدل دیا جائے گا، جیسا اس سال ایپل واچ میں کیا گیا۔یہ الٹرا ماڈل آئی فون 15 سیریز کے دیگر فونز سے بالکل مختلف ہوگا۔