سکول لڑکیوں کیلئے غیر محفوظ، طالبعلموں کی طالبہ کیساتھ اجتماعی زیادتی

7 Oct, 2022 | 04:13 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) بھارت میں طالبہ کو سکول میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔حکام نے واقعے میں سکول انتظامیہ کی غفلت کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس نے دہلی کمیشن برائے خواتین میں یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بھارت میں 11 سالہ سکول طالبہ کو اس کے سینئر کلاس کے دو طالب علموں نے مبینہ طور پرسکول کے باتھ روم میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد حکام نے واقعے میں سکول انتظامیہ کی غفلت کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن نے ایک بیان میں کہا کہ نئی دہلی میں سرکاری سکول کی طالبہ باتھ روم جارہی تھی کہ اس دوران سکول کے دو لڑکوں نے اسے راستے میں ہی پکڑ لیا اور باتھ روم میں لے جاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دہلی کمیشن برائے خواتین کے مطابق لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے لڑکوں سے معافیاں بھی مانگیں لیکن انہوں نے ایک نہ سنی اور دروازہ لاک کرکے زیادتی کی۔

دہلی کمیشن برائے خواتین نے واقعے پر پردہ ڈالنے پر سکول انتظامیہ کو بھی قصور قرار دیا اور کہا کہ لڑکی نے اساتذہ کو اس بارے میں بتایا لیکن انہوں نے کہا کہ ان لڑکوں کو سکول سے نکال دیا گیا ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دارالحکومت میں اب بچیوں کے لیے سکول بھی محفوظ نہیں ہیں۔

دوسری جانب سکول انتظامیہ کا کہنا ہےکہ لڑکی نے اس واقعے کی اطلاع نہیں دی البتہ اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔

مزیدخبریں