(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹک ٹاکر حریم شاہ نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو کر تحریری معافی نامہ جمع کروادیا۔
ذرائع کے مطابق معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں تفتیشی افسر سب انسپکٹر کومل کے سامنے جمعرات کوپیش ہوئیں، حریم شاہ نے بیان ریکارڈ کروایا کہ اس سے غلطی ہوگئی کہ اس نے ایک ایسی ویڈیو جاری کی جس میں وہ بتا رہی تھی کہ یہ کثیر رقم بیرون ملک لے کر آئی ہے اور اس کو پاکستان میں کسی نے بھی نہیں روکا۔
حریم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اس نے ایسا ایک ایف آئی اے کے ایک اعلیٰ افسر کو چڑانے کے لئے کیا۔ ٹک ٹاکر نے دوران تفتیش اپنی حرکت پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے تحریری طور پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کے بعد حریم شاہ اسٹیٹ بینک سرکل کراچی میں بھی گئیں جہاں اس کے خلاف ایس ٹی آر( مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹ) کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔