نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بچوں کے لیے ملیریا کی پہلی ویکسین کی منظوری دے دی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے بچوں کے لیے آرٹی ایس، ایس /اے ایس 01 ملیریا ویکیسن کی منظوری دی ہے، ڈبلیو ایچ او کی منظوری کے بعد یہ مچھر سے پھیلنے والی بیماری ملیریا کی پہلی ویکسین ہے جو انسداد ملیریا کے لیے استعمال ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ملیریا کے باعث ہر سال 4 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا ہے کہ ملیریا کی پہلی ویکسین کی دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال کی منظوری دے دی گئی۔
خیال رہے کہ انسانوں کو ملیریا اس وقت ہوتا ہے جب ایک مادہ مچھر، جس میں ملیریا کا سبب بننے والا طفیلیہ پلاز موڈیم موجود ہو، انسان کے جسم سے خون چوستا ہے اور اس دوران وہ پلازموڈیم انسانی جسم میں داخل کردیتا ہے، دنیا بھر میں ہر سال 4 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں جن میں بڑی تعداد 5 سال سے کم عمر بچوں کی ہوتی ہے۔