عمر اسلم: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ سولہ اکتوبرکا جلسہ کامیاب ہوگا، حکومت کے خلاف دھرنا بھی دیں گے اور اسلام آباد دس لاکھ لوگ لے کر جائیں گے،انہوں نے کہا شاہدرہ تھانے تو ابھی صرف دو لیگی رہنما گئے ہیں تین سابق جرنیل بھی جائیں گے اور وزیراعظم آزاد کشمیر بھی جائیں گے۔
جاتی عمرہ رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ سولہ اکتوبرکو گوجرانوالہ جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ یہ ریفرنڈم ملک دشمن اور اپوزیشن دشمن کے خلاف ہے جو تاریخی ہوگا۔رانا ثنااللہ خان نےکہا کہ سولہ اکتوبر کو اس تحریک کی قیادت عوام کے ہاتھوں میں ہوگی، کوئی اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکے گا ۔
صدرمسلم لیگ ن پنجاب کا کہنا تھا کہ استعفے دینا پڑے تو وہ بھی دیں گے اوردھرنا بھی دیں گے جبکہ ہم دس لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد جائیں گے۔ رانا ثنااللہ خان کا کہنا تھا کہ شاہدرہ تھانے میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں ابھی تو تین سابق جرنیلوں نے بھی جانا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر بھی آ رہے، ہم سب تھانہ شاہدرہ گرفتاری کےلئے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ لگتا یہ ہے پولیس مستقل تھانہ شاہدرہ کو بند کرکے دوڑ جائےگی، کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ حکومت کی مرضی کے بغیر پوری اپوزیشن پارٹی پر مقدمہ درج کردیا جائے۔