شہزاد خان: چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام،عرس حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش کے موقع پر اندرون شہر اور سرکلر روڈ کی چھوٹی بڑی اہم مارکیٹیں اور بازار بند رہیں گے, اعظم کلاتھ مارکیٹ،اردوبازار ،شاہ عالم سمیت دیگر مارکیٹوں میں کاروبار مکمل بند رہے گا.
تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسین علیہ اسلام اور عرس مبارک حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کی مناسبت سے کل اندرون شہر سرکلر روڈ کی مارکیٹیں وبازار بند رہیں گے اندرون شہر وسرکلر روڈ کی چھوٹی بڑی اہم مارکیٹوں اور بازاروں اعظم کلاتھ مارکیٹ،شاہ عالم مارکیٹ میں کاروباری امور بند رہیں گے۔
پاکستان کلاتھ مارکیٹ،شو مارکیٹس،ریڈی میڈ گارمںنٹس مارکیٹس،پلاسٹک دانہ مارکیٹ،ہجویری پرندہ مارکیٹ،بھاٹی گیٹ،موچی گیٹ کھلونا مارکیٹ،ڈرائی فروٹ مارکیٹ سرکلر روڈ ،بال بیئرنگ مارکیٹ ،اردوبازار ،پاپڑمنڈی میں کاروباری امور بند رہیں گے۔جمعہ کے روز سے اندرون شہر تجارتی سرگرمیاں بھی بحال ہوجایئں گی۔
دوسری جانب ٹاؤن ہال میں کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار احمد گھمن کی زیر صدارت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز مانیٹرنگ اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر کمشنر کا کہنا تھا کہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کی ترقیاتی سکیموں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے اور عوامی نمائندوں کو بھی مفادعامہ کی سکیموں سے متعلق آن بورڈ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری نذیر چوہان، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعجاز چودھری، ایم پی اے چودھری امین، ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک، سی سی او لاہور شوکت علی، ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے طارق بخاری، سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔