ہر 10 میں سے ایک شخص کورونا وائرس کا شکار ہوسکتا: عالمی ادارہ صحت

7 Oct, 2020 | 01:30 PM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا میں تقریبا ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہو سکتا ہے اور ڈبلیوایچ او نے متنبہ کیا کہ آنے والے دن سخت ہوں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیوایچ او) نے بتایا کہ اس کے انتہائی محتاط اندازے کے مطابق دنیا میں ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے، یہ تعداد موجودہ مصدقہ کیسز کی تعداد سے بیس گنا زیادہ ہے۔ اب تک ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ افراد کوویڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں  جبکہ10 لاکھ سے زائد افراد وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں۔ 

ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسی آپریشنز کے سربراہ مائیک ریان نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں یورپ کی طرح کورونا کیسز میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔ہمارے موجودہ انتہائی محتاط اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ پوری دنیا کی آبادی کا تقریبا 10 فیصد اس وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر ریان کا مزید کہنا تھاکہ یہ مختلف ملکوں میں مختلف ہو گا، شہروں اور گاؤں میں مختلف ہو گا، مختلف گروپوں میں الگ الگ ہو گا، لیکن یہ حقیقت ہے کہ دنیا کی ایک بڑی اکثریت کے لیے اس کا خطرہ برقرار رہے گا۔ ہم ایک مشکل دور کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ یہ بیماری مسلسل پھیلتی جارہی ہے۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا کے 624 نئے کیسز رپورٹ  اور مزید 12 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6535  اور کورونا مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 351 تک جا پہنچی۔

مزیدخبریں