پاکستانیوں کے سر سے بڑا خطرہ ٹل گیا

7 Oct, 2020 | 12:19 PM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) گیس اور بجلی مہنگی ہونے کا خطرہ فی الحال ٹل گیا، وفاقی کابینہ نے قیمتوں میں اضافے کا معاملہ مؤخر کردیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ای سی سی کے فیصلے کو روک دیا، وفاقی وزراء اسد عمر، شیخ رشید، فیصل واوڈا اور شیریں مزاری نے قیمتوں میں فوری اضافے کی مخالفت کردی، وزرا کا موقف تھا کہ اس ماہ قیمتوں میں اضافہ درست نہیں، فواد چودھری نے قیمتوں میں اضافے کی حمایت کی۔

اجلاس میں مہنگائی میں کمی کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کی درآمد سے آٹے کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ختم ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر شیخ رشید نے ریلوے کی بحالی اور ملازمین کی پنشن کا معاملہ اٹھایا، انہوں نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی تین مراحل میں ہوگی، کابینہ نے ریلوے بحالی کے پلان کی منظوری دیدی۔پی آئی اے کے سالانہ منافع اور نقصان کی رپورٹ بھی کابینہ میں پیش کی گئی، کابینہ نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدے کی ذمہ داریاں عارضی طور پر سیکرٹری کو تفویض کرنے کی مدت میں اضافے کی منظوری دے دی، گیس اور بجلی بم عوام پر فوری نہیں گریں گے، وفاقی کابینہ نے قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا، چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا،  انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی  پرائس کنٹرول کمیٹی اورانتظامی افسر اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں، صوبے کے عوام کو نوٹیفائیڈ ریٹ پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہاکہ مہنگے داموں اشیائے فروخت کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا، عملی اقدامات کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ 

مزیدخبریں