( ملک اشرف ) ن لیگی رہنماؤں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کے ٹرائل کورٹ میں نیب کیسز کی سماعت کے لیے جج تعینات، سیشن جج امجد نذیر چوہدری کی جج احتساب عدالت لاہور تعیناتی کی گئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان کی منظوری کے بعد دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کرنے سے متعلق رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ جس کے مطابق سیشن جج چوہدری محمد امجد نذیر چوہدری اور اسد علی کی خدمات ڈیپوٹیشن پر وفاقی حکومت کے سپرد کی گئیں۔ دونوں سیشن ججز کو لاہور کی احتساب عدالتوں میں تعینات کردیا گیا۔
سیشن جج امجد نذیر چوہدری کو نعیم ارشد کی جگہ جج احتساب عدالت جبکہ سیشن جج اسد علی کو مشتاق الٰہی کی جگہ جج احتساب عدالت تعینات کیا گیا ہے۔ امجد نذیر چوہدری جج بنکنگ کورٹ فیصل آباد اور اسد علی جج لیبر عدالت گوجرانوالہ تعینات تھے۔