(عمراسلم) شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد سیاسی میدان میں ایک بار پھر ہلچل مچ گئی۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سیاسی طور پر متحرک ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس پیر کو ماڈل ٹائون میں دن گیارہ بجے طلب کرلیا۔ جس میں شہبازشریف کی گرفتاری اور حکومتی ہتھکنڈوں کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نون لیگ نے حکومتی انتقامی کارروائیاں مزید نہ برداشت کرنے فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کو اعتماد میں لینے کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائےگی۔ اجلاس میں عوام دشمن اقدامات، سی پیک اورسیاسی انتقامی کارروائیوں کے خلاف حکمتِ عملی پرغور ہوگا۔
مسلم لیگ نون کے قائد اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد کل پہلی سیاسی سرگرمی میں حصہ لیں گے۔ جاتی امرا میں مریم اورنگزیب نے میاں نواز شریف سے اس سلسلے میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔