سٹی42: آئی جی آپریشنز محمد فیصل نے لاہور گیریژن یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں خاص طور پر سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی غلط معلومات کے تناظر میں معلومات کی تصدیق اہم ضرورت ہے۔ سورۃ الحجرات کی آیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، جو معلومات پر یقین کرنے یا اس پر عمل کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیتی ہے، انہوں نے خبروں کو شیئر کرنے یا اس پر ردعمل ظاہر کرنے سے پہلے حقائق کی جانچ پڑتال کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈی آئی جی فیصل نے اس پر بات کی کہ کس طرح تصدیق کے بغیر دوسروں سے زبانی یا سوشل پلیٹ فارمز پرشئیر کر دی گئی خبریں سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔ ڈی آئی جی نے ایسے واقعات کا حوالہ دیا جہاں غلط معلومات تیزی سے مختلف کمیونٹیز میں پھیلیں اور نقصان ہوا اور فیک انفرمیشن کے سبب سے مختلف کمیونٹیز بڑے سماجی مسائل کی طرف بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر تصدیق شدہ اور درحقیقت فیک اطلاعات کی بنیاد پر فوری طور پر ان باتوں یا معلومات کو دوسرے ساتھیوں اور دوستوں تک پھیلانے کی کارروائی غلط فہمیوں کا باعث بن سکتی ہے یہ حرکت سماجی نظم و ضبط میں خلل ڈال سکتی ہے اور یہاں تک کہ یہ عمل تعلیمی اداروں کے ماحول اور حکومتی اقدامات کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
لاہور گیریژن یونیورسٹی کے نظم و ضبط والے ماحول اور معیاری تعلیم کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے، ڈی آئی جی فیصل نے سٹوڈنٹس میں غلط معلومات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے یونیورسٹی کےاقدامات اور نظام کو سراہا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور اطلاعات کی تصدیق کی مہارتوں پر LGU کا زور، ایک مشن پر مبنی تعلیمی نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے، یہ ذمہ دارانہ رویہ سٹوڈنٹس کی کردار سازی، مثبت طرز فکر کی گروتھ ذمہ دار شہری بننے کی طرف پیش رفت کی بنیاد بنتا ہے ۔ دیگر تعلیمی اداروں کو بھی اس کی پیروی کرنا چاہئے۔