احمد منصور : جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکورٹی فورسز اور خوراج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 4 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں مادر وطن کے 4 سپوت شہید ہوگئے ۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے مقابلہ کرتے ہوئے چار خوارج ہلاک کر دیئے ۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں نائب صوبیدار تائب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود، لانس نائیک حبیب اللہ شامل ہیں ۔
دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار طیب شاہ کی عمر 38 برس،تعلق ٹانک سے تھا، شہید لانس نائیک گلاب زمان کی عمر 30 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا، لانس نائک شہید مزمل محمود کی عمر 30 برس تعلق ضلع کرک سے تھا، اور لانس نائک حبیب اللہ کی عمر 28 برس تعلق اورکزئی سے تھا ۔
علاقے میں ممکنہ طور پر موجود خوارج کےخاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کےخاتمے کےلیے پرعزم ہیں ، ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کومزیدتقویت دیتی ہیں۔
سورس : آئی ایس پی آر
وفاقی وزیرداخلہ کا شہداء کو خراج عقیدت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے جنوبی وزیرستان کےعلاقے کرامہ میں خوارجی دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہید جوانوں نے دلیری سے 5 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں ، شہداء کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئےقوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی کا سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید اہلکاروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ۔
قائم مقام صدر نے سیکیورٹی اہلکاروں کو کاروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا، کہا کہ دفاع وطن کی خاطر فتنۃ الخوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے شہداء کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کیلئے کاروائیاں جاری رکھیں گے، دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے علاقے کڑمہ میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے نڈر جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں سے جنگ جاری رہے گی ۔