سٹی 42 : وزیر اعلیٰ مریم نواز کا پنجاب میں آٹو موبائل ٹوارزم کا فروغ اور جنوبی پنجاب کی ثقافتی و سیاحتی ترقی کے فروغ کا عزم اورانکے منفرد ویژن کا اظہارہے۔ آٹو موبائل ٹوارزم کے فروغ کی پالیسی تحت جنو بی پنجاب کے تین اضلاع میں ٹی ڈی سی پی نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکاء ریسرزکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کامیابی کی دعا کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کوٹی ڈی سی پی ڈیزرٹ ریلی کے لئے بھرپور معاونت کی ہدایت کی اورنویں ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی کے شرکا ء اور شائقین کے لئے بہترین انتظامات کا حکم دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو تفریح کے مساوی مواقع مہیا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ٹی ڈی سی پی تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ڈرائیور زکی شمولیت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹو موبائل ٹورازم جیسے مقابلوں سے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملتے ہیں۔تھل ڈیزرٹ آٹو موبائل ٹورازم سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹی ڈی سی پی کے زیر اہتمام نویں تھل ڈیزرٹ ریلی پنجاب کے تین اضلاع مظفر گڑھ، کوٹ ادواور لیہ میں منعقد ہوگی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کوٹ ادو کے چھانگا مانگا ٹیلہ پر ریس کے شرکاء کی رجسٹریشن، ٹیگنگ، انسپکشن اور طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈیزرٹ ریلی کے ڈراز کی بنیاد پر نویں تھل ڈیزرٹ ریلی کا کوالیفائیڈ راؤنڈ ہوگا۔ شائقین کو محظوظ کرنے کے لئے ہارس ٹریک پر شاہی سواری کا مظاہر ہ ہوگا۔ روایتی کبڈی، نیزہ بازی اور روایتی جھومر بھی پیش کیا جائے گا۔ 9نومبر کو کوٹ ادو، چوبارہ میں سٹاک کیٹگری ریس ہوگی۔ لیہ میں نیزہ بازی اور کبڈی کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ شائقین کی تفنن طبع کے لئے کلچرل نائٹ اور آتش بازی کے مظاہر ے بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 10نومبر کو تھل ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ڈرائیورز کی جیپ ریس کے مقابلے ہونگے۔ کوٹ ادو اور چوبارہ میں ڈرٹ بائیک اور کواڈ بائیک ریس ہوگی۔ نویں تھل ڈیزرٹ ریلی جیتنے والوں کے لئے تقریب تقسیم انعامات مظفر گڑھ کے فیصل سٹیڈیم میں ہوگی۔