ویب ڈیسک : آئی بی اے کراچی کے انکار کے بعد اب آئی بی اے سکھر پور ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لے گی ، سندھ کے وزیراعلیٰ نے ٹیسٹ کے لئے 232.1 ملین روپے کی منظوری بھی دے دی ۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت آج سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ 18-2017ء سے لیا جا رہا ہے، صوبہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں ٹیسٹ لیا جاتا ہے تاہم پیپر لیک ہونے کا مقدمہ ہائی کورٹ میں گیا۔ اس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپر لیک ہونا صرف بدنامی نہیں ہے بلکہ بچوں کا مستقبل بھی خراب ہوتا ہے، مجھے میڈیکل سمیت تمام ٹیسٹ میں شفافیت چاہئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی بی اے کراچی میڈیکل میں داخلے کا ٹیسٹ نہیں کرنا چاہتی، آئی بی اے سکھر پورا ٹیسٹ کروائے گی، چھ ہفتوں کے اندر ٹیسٹ ہوجائے گا۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی بی اے سکھر کے ٹیسٹ کے لئے 232.1 ملین روپے کی منظوری دے دی۔
قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے ٹیسٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں کیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ 200 میں سے 160 سے زائد سوالات سوشل میڈیا پر تھے، استدعا ہے کہ میڈیکل کالجز میں داخلے کے نتائج کالعدم قرار دے کر دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے اور داخلہ ٹیسٹ کا پرچہ لیک ہونےکی تحقیقات جےآئی ٹی سے کرائی جائے۔