”کبھی میں کبھی تم“ دیکھنے پر شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی

7 Nov, 2024 | 10:29 AM

ویب دیسک: مقبول ڈرامہ "کبھی میں کبھی تم"اپنے اختتام کوپہنچ گیا  جس کے خوشگوار اختتام نے مداحوں کوخوش کردیا  لیکن اس ڈرامے کی بدولت ایک خاتون کا گھر بھی اجڑ گیا، جسے اس کے شوہر نے اس بنا پر طلاق دے دی کہ وہ یہ ڈرامہ شوق سے دیکھتی تھی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں ایک عورت کو اپنی روداد سناتے ہوئے دکھایا گیا ہےکہ کس طرح اس کے شوپر نے محض ڈرامہ دیکھنے پر اسے طلاق دے دی۔ویڈیو میں خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے ڈرامہ کبھی میں کبھی تم بہت پسند تھا۔ ایک دن میں اس ڈرامے کو دیکھ رہی تھی کہ میرا شوہر آگیا اس نے جب مجھے ٹی وی دیکھتے ہوئے دیکھا تو غصے میں آپے سے باہر ہوگیا ۔ اس نے ٹی وی توڑ دیا اور کہنے لگا کہ تم ہر وقت ڈرامے دیکھتی رہتی ہو۔ تمہارا اور کوئی کام نہیں ہے اور مجھے طلاق دے دی۔

30 سالہ ثمینہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے مجھے اس سے پہلے مارا پیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ میری کوئی اولاد نہیں ہے اور نہ ہی میرے ماں باپ ہیں اس لیے میں ڈرامے دیکھ کر اپنا ٹائم پاس کرتی تھی لیکن میرے شوہر کو اس بات سے چڑ تھی۔

خاتون کا مزید کہنا ہے کہ اب وہ دوبارہ اپنا گھر بسانا چاہتی ہے اور وہ ایسے شخص کی تلاش میں ہے جو اس کی قدر کرے اور اسے عزت دے ، خواہ وہ اس سے عمر میں بڑا ہی کیوں نہ ہو۔

واضح رہے کہ اس ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے علاوہ جاوید شیخ،بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ، اریج چوہدری اور عماد عرفانی سمیت دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہردکھائے ہیں، کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی تھی جبکہ ہدایات بدر محمود نے دی تھیں۔ڈرامے میں ایک ہی خاندان کی کہانیوں کو مختلف زاویوں سے دکھایا گیا،ڈرامے کی مقبولیت میں اس کے کرداروں، کہانی  اور مکالموں نے اہم کردار اداکیا،یہ ڈرامہ نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات سمیت ان تمام ممالک میں مقبول رہاجہاں جہاں اردو زبان سمجھی جاتی ہے۔

فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے ڈرامے میں میاں   بیوی کا کردار ادا کیا جن کے درمیان آخری اقساط میں غلط فہمیاں پیدا ہونے کی وجہ سے اختلافات شدت اختیار کرجاتے ہیں لیکن اختتام پر دونوں کو دوبارہ ایک ہوتے دکھایا گیا، جس پر شائقین خوش ہوئے۔

مزیدخبریں