ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حصول کیلئے والدہ کی درخواست پر نوٹس

7 Nov, 2022 | 11:19 AM

ویب ڈیسک:اسلام آباد ہائیکورٹ نے کینیا میں فائرنگ سے قتل ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حصول کے لیے دائر درخواست پر نوٹس جاری کر دیے۔

ارشد شریف کی والدہ نے دو روز قبل بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر آج سماعت ہوئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پمز اسپتال کے نمائندے کو آئندہ سماعت پر بلاتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔

کینیا میں قتل کیے جانے والے صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ارشد شریف کی موت کی وجہ ایک سے زائد زخم کو قرار دیا گیا ہے جب کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ارشد شریف کے سر میں بائیں جانب سے گولی لگی جس سے دماغ میں زخم ہوا، دوسری گولی کمر کے اوپر کے حصے میں دائیں جانب لگی، ارشد شریف کو کمرکے اوپر لگنے والی گولی سینےکے دائیں جانب سے ہی نکل گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ارشد شریف کو لگنے والی دوسری گولی سے پھیپھڑے کو نقصان پہنچا، دونوں گولیاں درمیانی فاصلے سے جدید آتشیں اسلحہ سے چلائی گئیں۔ ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کرنے والی ٹیم نے مزید تحقیق کے لیے باڈی کے مختلف حصوں کے نمونے بھی حاصل کیے۔

مزیدخبریں