ویب ڈیسک: مودی حکومت کے مسلمانوں کے ساتھ سلوک نے بھارت کی ساکھ کو تباہ کر دیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا پول کھول دیا۔
انتہا پسند مودی نے’سیکولر بھارت‘ کو ’ہندو ریاست‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا پول کھول دیا۔ نیویارک ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک نے بھارت کی ساکھ کو تباہ کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت ملک کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مسلمانوں کو دیوار سے لگانے سے جنوبی ایشیا میں بھارت کا روایتی کردار کمزور ہو گیا ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نہ صرف ہندوؤں کو ترجیح دینے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے بلکہ اپنے اندر موجود انتہاپسند عناصر کو لگام ڈالنے سے بھی انکاری ہے۔ ان عوامل کے سبب مسلمانوں کو نقصان اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق مودی حکومت کے انتہا پسندانہ طرزِ عمل کی بدولت چین کے لیے اپنی حیثیت منوانے کے نئےمواقع پیدا ہوئے ہیں۔بیجنگ نے نئی دہلی کے پڑوسی ممالک سے قریبی تعلقات بنانا شروع کر دیئے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق مسلمانوں کیخلاف تشدد پر بھارتی وزیراعظم کے ہونٹ سِل جاتے ہیں اور وہ اس بارے میں کوئی بیان تک نہیں دیتے۔
اس حوالے سے بھارت کے سابق وزیر خارجہ یَشوَنت سِنہا کا کہنا ہے کہ مودی کی خاموشی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ یا تو حالات بھارت کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں، یا پھر ریاست خود پُرتشدد واقعات کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔