(فہد علی)مصری شاہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار شخص کی گردن پر کٹی پتنگ کی ڈور پھر گئی ۔
پولیس کے مطابق مصری شاہ کے علاقے میں پینتالیس سالہ مصطفی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر اپنے کام سے جا رہا تھا کہ گردن پر دھاتی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمی شہری کو طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کر لی اور پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پتنگ بازی پر پابندی عائد کر رکھی ہے کیونکہ خونی کھیل کے باعث گلے پر ڈور پھرنے کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی تھیں حکومت نے پتنگیں بنانے اور اڑانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دے رکھی ہیں۔