پی ایچ اے کی کرپشن کا 5سالہ پراناکیس کھل گیا

7 Nov, 2021 | 10:54 AM

Sughra Afzal

جیل روڈ (درنایاب)پی ایچ اے میں کرپشن کا پانچ سال پرانا کیس، اینٹی کرپشن کو بھی ہوش آگیا، پی ایچ اے انجینئرنگ ونگ کے چھ اہلکاروں کو9 نومبرکو طلب کرلیا۔

ذاتی بجلی کے بلوں کو پی ایچ اے کے کھاتے سے ادا کرکے قومی خزانے کو دو کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچانے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اینٹی کرپشن نے پی ایچ اے کے اہلکاروں آفتاب سلطان ، فرخ علی ، عمران علی ، خلیل احمد ، محبوب الحسن اور مدثر خان کو  بیان ریکارڈ کرنے کیلئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

 ذرائع کے مطابق پانچ سال قبل پی ایچ اے کی درخواست پر انکوائری کا کیس شروع کیا گیا تھا، انجینئرنگ ونگ کے عملے نے سرکاری کھاتے میں سے اپنے اور عزیز و اقارب کے گھروں کے بل ادا کیے، اینٹی کرپشن نے ابتدائی انکوائری کرکے ملازمین پر ریکوری ڈالی ۔

 دوسری جانب  پی ایچ اے کے مارکیٹنگ شعبہ میں لوٹ مار کی گونج نیب تک پہنچ گئی، نیب نے غیرقانونی ایڈورٹائزنگ بورڈ سکینڈل کی تحقیقات شروع کردیں ۔نیب نے ڈی جی پی ایچ اے سے شہر میں ایڈورٹائزنگ ایکٹ کے مطابق تشہیرات کی تفصیل طلب کرلی ہے، پی ایچ اے میں رجسٹرڈ ایڈورٹائزنگ کمپنیاں اور کنٹریکٹرز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں

مزیدخبریں