کورونا کی دوسری لہر تیز، شادی ہالز مالکان میدان میں آگئے

7 Nov, 2020 | 10:51 PM

Arslan Sheikh

( بسام سلطان ) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے 20 نومبر سے انڈور شادیوں کو بند کرنے کے اعلان پر میرج ہال مالکان کا شدید رد عمل، میرج ہال کی بندش کو معاشی قتل قرار دیدیا۔

میرج ہالز انتظامیہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے معاشی حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں، ہر شادی ہال سے درجنوں افراد کا روز گار منسلک ہے، لوگوں نے 25 نومبر کے بعد کی بھی بکنگ کروائی ہوئی ہے، معاملات چلانا نا ممکن ہو گئے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، ہم میرج ہالز میں کورونا احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود ہالز کی بندش معاشی قتل سے کم نہیں ہے۔

واضح رہے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے جس کانفاذ 31 جنوری 2021ء تک رہے گا اور ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے کا نفاذ کورونا کے حساس شہروں میں ہوگا۔ جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔

شادی کی تقریبات سے متعلق این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے دوسرے مرحلے میں ان ڈور  تقریبات پر پابندی عائد ہوگی، جس کا اطلاق 20 نومبر سے ہوگا، تاہم شادی کی تقریبات کھلی فضا میں منعقد کرنے کی اجازت ہوگی اور کھلی فضا میں منعقد کی جانے والی تقریب میں ایک ہزار تک مہمان شریک ہوسکیں گے۔ 

مزیدخبریں