3 بڑے شہروں میں پولیس اہلکاروں کیلئے ہسپتال بنانے کا فیصلہ

8 Nov, 2020 | 09:40 AM

Sughra Afzal

(علی ساہی) پولیس ملازمین کےعلاج ومعالجہ کے حوالے سے بڑی خبر، آئی جی پنجاب نے 3 بڑے اضلاع میں پولیس کے لئے مخصوص ہسپتال بنانے کے احکامات جاری کردئیے، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہسپتال بنانے کے لیے سروے کر کےفزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

لاہور سمیت پنجاب بھرمیں 2 لاکھ کے قریب پولیس ملازمین کے علاج ومعالجہ کے لئے کوئی سہولیات موجود نہیں، اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور سمیت 3 بڑے شہروں میں پولیس اہلکاروں کیلئے ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور میں 50، ملتان 32 اور راولپنڈی میں 30 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جائے گا، اہلکاروں اور ان کی فیملیز کے علاج کے لیے پولیس اپنے ویلفئیر فنڈز سے تینوں ہسپتالوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

ڈی آئی جی ویلفیئر کی سربراہی میں اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی، کمیٹی کو شہروں کے دورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کمیٹی آرپی اوز، ڈی پی اوز کیساتھ مل کرفزیبلیٹی رپورٹ تیار کرے گی، سرکاری ہسپتالوں میں عوام کا بہت رش ہوتا جس کی وجہ سے ملازمین کا وقت ضائع ہوتا ہے اور کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے، پو لیس کے اپنے ہسپتال بنانے سے فورس کا مورال بلند ہوگا۔

 دوسری جانب ذرائع کے مطابق  15 نومبر کو گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے پنجاب پولیس کی خدمات مانگ لی گئیں، لاہورسمیت پنجاب بھر سے 3 ہزار مرد پولیس اہلکار اور4 سو خواتین اہلکار الیکشن ڈیوٹیز کے لیے گلگت بھجوائے جائیں گے، پنجاب پولیس کے لئے گاڑیوں کا انتظام پنجاب پولیس جبکہ باقی اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی، آپریشنز برانچ نے پنجاب کانسٹیبلری اور اضلاع کو ملازمین کی فہرستیں بھجوانے کا حکم دے دیا، وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب پولیس کو الیکشن کے لیے فورس بھجوانےکی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 

مزیدخبریں