سٹی 42: شادی شدہ خاتون نے شوہر کے ساتھ بیس سال دھوکے میں گزار دئیے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق امریکہ میں ایک خاتون ٹیچر کو اس کے طالب علموں نے ایسی چیز خرید کر تحفے میں دے دی کہ اس کے شوہر کا 20سال پرانا جھوٹ پکڑا گیا۔ اس خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں اس کے طالب علموں نے ہیرے جانچنے والا ایک آلہ تحفے میں دیا۔ اس آلے کے ذریعے اس نے اپنی منگنی کی انگوٹھی چیک کی، جو 20سال پہلے اس کے شوہر نے اسے پہنائی تھی۔ انگوٹھی کا ہیرا جانچنے پر معلوم ہوا کہ یہ نقلی تھا جس پر خاتون غصے سے آگ بگولہ ہو گئی اور شادی کے 20سال بعد منگنی کی انگوٹھی کی وجہ سے دونوں میں شدید جھگڑا ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس خاتون نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”ہماری شادی کو 20سال ہو گئے ہیں اور اس عرصے میں مجھے کبھی ایک لمحے کے لیے بھی شک نہیں ہوا کہ میرے شوہر نے میرے ساتھ ایسا دھوکہ کر رکھا ہے۔ایک دن میرے ایک طالب علم نے میری انگوٹھی دیکھ کر کہا کہ اس کا ہیرا نقلی ہے جس پر میں نے اسے غلط قرار دے دیا۔ چند دن بعد اس نے دیگر طالب علموں کے ساتھ مل کر ہیرے جانچنے والی ڈیوائس خریدی اور لا کر مجھے دے دی۔ جب میں نے اس ڈیوائس سے ہیرے کو چیک کیا تو وہ واقعی نقلی تھا۔ وہ ہیرا نہیں بلکہ محض شیشے کا ایک موتی تھا۔ اگر میرے طالب علم مجھے یہ ڈیوائس تحفے میں نہ دیتے تو مجھے اپنے شوہر کے اس جھوٹ کا کبھی علم نہ ہوتا۔“
یاد رہی اسی طرح کا ایک دھوکا بھارت میں ایک 27 سالہ خاتون سے بھی ہوا ،جس نے اپنے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس کی وجہ یہ تھی کہ ان کے شوہر گنجے تھے اور (وگ) نقلی بال لگاتے تھے اور یہ چیز انہیں معلوم نہیں تھی۔خاتون نے مؤقف اپنایا کہ ان کی حال ہی میں شادی ہوئی اور جب ان کی شادی ہوئی تھی تو ان کے شوہر نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ وہ گنجے ہیں اور نقلی بال لگاتے ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں معلوم ہوا کہ ان کے شوہر کے بال اصلی نہیں بلکہ نقلی ہیں تو وہ صدمے میں آگئیں اور اسی وجہ سے انہوں نے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔27 سالہ خاتون کا کہنا تھا کہ اگر انہیں معلوم ہوتا کہ ان کے شوہر گنجے ہیں تو وہ کبھی ان سے شادی نہ کرتیں۔