وزیراعلیٰ کاپارکوں میں داخلےکی فیس سےمتعلق اہم فیصلہ

7 Nov, 2020 | 11:40 AM

M .SAJID .KHAN

(قذافی بٹ)پنجاب حکومت نے پارکس میں داخلےکی فیس میں اضافے کی تجویز مسترد کردی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آثار قدیمہ مقامات، پارکس میں داخلہ فیس میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمے کی جانب سے آثار قدیمہ مقامات، پارکس میں انٹری فیس میں نظر ثانی کی تجویز دی گئی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا،اجلاس میں آثار قدیمہ مقامات، پارکس میں داخلہ فیس میں نظر ثانی کی تجویز کو رد کردیاگیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ عوام پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالیں گے،یہ فیصلہ وسیع تر عوامی مفاد میں کیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہناتھا کہ آثار قدیمہ مقامات، پارکس میں انٹری فیس میں اضافہ نہیں کیاجائے گا، علاوہ ازیں کابینہ سٹیڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے واسا فیصل آباد کے لئے 155ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ  پی ایچ اے نے شہریوں سے پارکوں میں انٹری فیس وصولی کے لئے وزیراعلیٰ سے اجازت مانگی تھی،   پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے شہر کے اے کلاس پارکوں میں انٹری فیس وصولی کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے،  ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی نے سمری بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد ارسال کی ہے۔

  پی ایچ اے ذرائع کے مطابق سمری میں پی ایچ اے کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے لئے انٹری فیس کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سے پارکوں میں پارکنگ فیس وصول کرنے اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

  ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی کے مطابق وزیراعلیٰ کی اصولی منظوری کے بعد پارکوں میں انٹری فیس کا حتمی تعین کیا جائے گا، سابق دور حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پارکوں سے انٹری فیس وصولی کا خاتمہ کیا تھا جسے تبدیلی سرکار دوبارہ رائج کرنے کے درپے ہے۔

مزیدخبریں