فخر امام : فیروزپور روڈ اچھرہ میں وارداتیں معمول بن گئیں، ایک ہی ماہ میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں، دکانداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ دکاندار کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں قریب قریب دو دکانوں میں تین وارداتیں ہو چکی ہیں، اس سے قبل ملحقہ دکان پاک ٹریڈرز پر 2 وارداتیں ہوئیں، دونوں وارداتوں میں ملزمان 8 لاکھ سے زائد نقدی اور مال لوٹا گیا تھا، آج پھر مبارک سینٹری شاپ پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، ڈاکووں نے دن دہاڑے سینٹری سٹور میں داخل ہو کر واردات کی۔
ملزمان نے دکان میں موجود خاتون کسٹمر کو بھی لوٹ لیا، ملزمان نے خاتون کسٹمر سے 45 ہزار روپے مالیت کی بالیاں اور گھڑی چھین لی،جاتے ہوئے گارڈ کی رائفل بھی چھین کر لے گئے۔ متاثرہ دکاندار کا موقف تھا کہ دکان کے گلے سے پچیس ہزار نقدی لوٹی، ہم نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے ہوئے تھے، دکان میں گاہک ہونے کی وجہ سے سیلز مین موجود تھا۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ پولیس ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے میں مکمل ناکام رہی ہے، ایک ہی ملزمان مختلف دکانوں میں وارداتیں کر رہے ہیں،سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی پولیس کو دے چکے، مگر آج تک کارروائی نہیں ہو سکی۔