حافظ شہبازعلی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر اور بورڈ کے نئے آئین کے نافذالعمل ہونے کے بعد بورڈ کے چھوٹے ملازمین بے روزی گاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہو گئے، راولپنڈی ریجن کے کیوریٹر واجد حسین معاشی پریشانیوں کے سبب جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق نئے ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر اور آئین کے تحت کرکٹرز اور ان سے ملحقہ شعبوں میں خوشحالی لانے کے پی سی بی کے دعوے ہوا ہو گئے۔ کرکٹ سے ملحق چھوٹے ملازمین کے حالات بہترہونا تو درکنار یہاں تو چھوٹے ملازمین کے گھروں کے چولہے ہی بجھ گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین میں ریجنز کا کردار ختم ہونے کے بعد بورڈ کے زیرانتظام آنے والے اڑھائی سو ریجنل ملازمین بے روز گارہوگئے، ذرائع کے مطابق ملک بھرسے اڑھائی سو ملازمین کو بغیر تنخواہ دئیے نوکریوں سے فارغ کردیا۔ نوکری جانے اور مستقبل کی غیر یقینی صورت حال کا غم دل میں لئے راولپنڈی ریجن کے کیوریٹر واجد حسین دار فانی سے کوچ کر گئے، واجد حسین کو تین ماہ سے بورڈ کی طرف سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی وہ گذشتہ کئی روز سے شدید پریشان تھے، ذہنی دباؤکے سبب ہونے والا ہارٹ اٹیک واجد حسین کی جان لے گیا۔
انہوں نے بیوہ اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔ اس ساری صورت حال پر ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ واجد حسین کی وفات پر افسوس ہے ان کے لیے جوکرسکتے ہیں کریں گے، واجد حسین کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، تر جمان بورڈ کا کہنا تھا کہ تمام چھوٹے ملازمین کی تنخواہیں ایک دوروز میں مل جائیں گی جبکہ ان کے مستقبل کے حوالے سے معاملات پر کام جاری ہے۔
بورڈ کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک بھر میں بورڈ سے ملحق چھوٹے ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے جبکہ واجد حسین نیا سسٹم آنے کے بعد جہان فانی سے کوچ کرنے والے سوئی گیس کرکٹ ٹیم کے سپورٹ سٹاف عابد بٹ کے بعد دوسرے شخص ہیں۔