(رضوان نقوی) پارکس کی تعمیرات اور تزئین وآرائش کیلئے مختص فنڈز میں وسیع پیمانے پر مبینہ خورد برد کی تحقیقات کا آغاز، اینٹی کرپشن نے پی ایچ اے کے ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سمیت 7 افسران و ملازمین کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
ڈائریکٹراینٹی کرپشن لاہور ریجن محمد اصغر جوئیہ کی ہدایت پر پی ایچ اے کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن نے تاج پورہ پارک وسن پورہ، عمر بلاک پارک اقبال ٹاﺅن، گول باغ پارک شاد باغ اور نواز شریف پارک شیخوپورہ کی تعمیرات اور تزئین و آرائش کیلئے مختص فنڈز میں وسیع پیمانے پر مبینہ خرد برد کے معاملہ پر انکوائری شروع کر کے پی ایچ اے کے ڈائریکٹر ایڈمن کو نوٹس جاری کردیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شاہ رخ نیازی نے پی ایچ اے سے "بائی لاز اور نوٹیفکیشن" سمیت تمام پارکس کی فائلیں طلب کرلی ہیں۔ اینٹی کرپشن نے پی ایچ اے کے سابق ڈائریکٹر انجینئرنگ خواجہ عرفان اسلم، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ریاض احمد اعوان، ڈائریکٹر ہارٹیکلچرجاوید حامد، ڈائریکٹر فنانس پی ایچ اے ندیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس و پی ایس او ٹو ڈی جی پی ایچ اے طارق شہزاد، سینئر کلرک ظفر یاسین اور پی ایچ اے کے سکیورٹی انچارج جماعت علی کوبھی فنڈز میں خورد برد کے معاملہ پر 8 نومبر کو طلب کرلیا۔