سٹی42 : چئیرمین پیڈمک جاوید اقبال سے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے پیڈمک ہیڈ آفس میں ملاقات کی، چئیرمین پیڈمک نے وفد کو بہاولپور انڈسٹریل زون کی فروخت کے باقاعدہ آغاز کے متعلق آگاہ کیا اور سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی.
وفد میں بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چودھری زوالفقار علی مان، سابق صدرملک اعجاز ناظم اور سیکرٹری جنرل سید عبیر حیدر شامل تھے. وفد نے بہاولپور انڈسٹریل زون کی فروخت کا آغاز ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے بہاولپور کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا. اس موقع پر وفد نے انڈسٹریل زون میں سوشل سیکیورٹی ہسپتال، ورکر ویلفیئر سکول اور لیبر کالونی کے لئے بھی جگہ مختص کرنے کی درخواست کی. چئیرمین پیڈمک جاوید اقبال نے سی ای او پیڈمک علی معظم سید کو فوری طور پر ان مطالبات پر کام کرنے اور جنرل مینجر بزنس ڈویلپمنٹ آمنہ فیصل کو بہاولپور چیمبر میں انفارمیشن ڈیسک قائم کرنے اور سیمینار کے انعقاد کی ہدایت کی. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا کہ بہاولپور انڈسٹریل زون کے بقیہ ترقیاتی کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جارہے ہیں. پلاٹس لینے والے صنعت کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی. تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے. انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور انڈسٹریل زون پورے ریجن کی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا.