ویب ڈیسک: گلشن راوی میں کار سوار خاندان کو دن دیہاڑے لوٹنے کی واردات شہریوں کی دلیرانہ مزاحمت سے ناکام ہو گئی۔ سٹی 42 نے ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔واقعہ اتوار کی شام ساڑھے چار بجے مکہ پارک کے جی بلاک میں ہوا۔
واردات کا نشانہ بننے والی فیملی کے ارکان اپنی کار میں سوار گھر کے باہر پہنچے اور ان کےساتھ دو افراد موٹر سائیکل پر سوار گھر کے دروازہ پر آ کر رکے۔ اسی اثنا میں پیچھے سے موٹر سائیکل پرسوار دو مسلح ڈاکوآئے اوورر آتے ہی کارمیں موجود فیملی کو پستول دکھا کر لوٹنے کی کوشش کی۔ اسی دوران فیملی کے موٹر سائیکل پر آ کر گیٹ کے قریب کھڑے ارکان کار کے قریب آئے تو ایک ملزم نے ان پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔ دونوں افراد نے بمشکل پیچھے ہو کراپنی جان بچائی۔
فائرنگ کرنے کے بعد ڈاکو دوبارہ کار میں موجود فیملی کی طرف متوجہ ہوئے تو اس فیملی کے موٹر سائیکل پر آنے والے ایک نوجوان نے جو فائرنگ سے بچنے کے لئے پیچھے ہو گیا تھا دوسری مرتبہ کارکی طرف آیا، اس وقت تک فائرنگ کی آواز سن کر محلہ کے بعض لوگ بھی باہر نکل آئے۔مزاحمت سے گھبرا کر دونوں موٹر سائیکل سوار جدھر سے آئے تھے اسی طرف واپس بھاگ گئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک فیملی کو گھر کے سامنے کار روکتے اور ان کے ساتھ ہی موٹر سائیکل پر ایک نوجوان اورر ایک بچے کو بھی گھر کے سامنے رکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ملزم نے گھر کے باہرموجود نوجوان کے گاڑی کی طرف آتےہی اپنے پستول سے کئی فائر کئے جو اتفاق سے کسی کو نہیں لگے۔دونوں ڈاکووں نےاپنے منہ کپڑے سے ڈھانپ رکھے تھے۔