ویب ڈیسک: پاکستان نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کشمیر کے متعلق بیان پر بھارتی میڈیا کے شر انگیز پروپیگنڈا کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر بیان بین الاقوامی قوانین کےمطابق دیا ہے اور کشمیر کے مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کرنے کا مطالبہ پاکستان کا مستقل موقف ہے۔بھارتی میڈیا کا وزیر خارجہ بلاول بھٹو کےمسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے متعلق بیان کو تشدد کے خطرے سے جوڑنا نہ صرف شرارت بلکہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیان پر بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ذمہ داری سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بھارت میں مسئلہ کشمیر کے متعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا، وزیر خارجہ مقبوضہ کشمیر میں G-20 ٹورازم ورکنگ گروپ کے اجلاس پر پاکستان کا موقف واضح کر چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کیا کہ بھارتی میڈیا حساس بین ریاستی معاملات پر رپورٹنگ کرتے وقت صحافتی اصولوں کا احترام کرے، بھارتی میڈیا پروپیگنڈہ کررہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مقبوضہ کشمیر میںG-20 اجلاس کے انعقاد پر ہندوستان کو دھمکی دی ہے۔