ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ تمام حلقوں میں پولنگ کا عمل پُرامن طریقے سے جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ سندھ کے 24 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر شروع ہوئے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے پولنگ کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال مرکزی کنٹرول روم میں مانیٹرنگ ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند پولنگ اسٹیشنوں پر جو شکایات تھیں ان کو موقع پر حل کر لیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شکایات معمولی نوعیت اور کارکنان کے لڑائی جھگڑوں کے حوالے سے تھیں۔واضح رہے کہ سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جو صبح 8 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔کراچی، حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، شکار پور، گھوٹکی، خیر پور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمر کوٹ، مٹیاری، ٹنڈوالہٰیار، جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں 63 نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ ہو رہا ہے۔