سندھ :ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری

7 May, 2023 | 08:23 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے 24 اضلاع کی 63 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری، پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔

کراچی کے 7 اضلاع میں 11 یوسیز  اور 15 وارڈز کی 26 نشستوں پر جبکہ دیگر 17 اضلاع میں 37 نشستوں پر  پولنگ ہو رہی ہے۔اس موقع پر کراچی میں پولیس کے 7 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ 24 اضلاع میں 292 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 157 حساس قرار دیے گئے ہیں۔جیکب آباد، کشمور، شکارپور، نواب شاہ، سانگھڑ، مٹیاری، ٹنڈوالہیار  اور جامشورو میں ایک ایک نشست پر پولنگ ہوگی جبکہ گھوٹکی، سکھر، خیرپور، بدین اور سجاول میں دو، دو نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

نوشہروفیروز، دادو اور ٹھٹہ میں تین، تین نشستوں جبکہ حیدرآباد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں دس نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔یاد رہے کہ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسل کی نشستوں پر امیدواروں کے انتقال سمیت دیگر وجوہات پر الیکشن نہیں ہوسکے تھے۔

دوسری جانب سندھ میں ضمنی الیکشن کے دوران کچھ شہروں میں کشیدگی کے واقعات سامنے آئے ہیں. حیدرآباد میں یوسی 119میں پولنگ کے دوران دو گروپوں میں جھگڑا ہوا۔ضلعی الیکشن کمشنر کے مطابق ایک امیدوار کی جانب سے پولنگ اسٹیشن پر حملہ ہوا اور عملے کو زدو کوب بھی کیا گیا۔جس کے بعد پولنگ روک دی گئی۔نارتھ کراچی کی یوسی13 میں نیو رشید آباد کے پولنگ اسٹیشن پر کشیدگی کا واقعہ پیش آیااورسیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی جس سےمتعدد افراد زخمی ہوگئے اس کے ساتھ ہی لیاری بہار کالونی یوسی دو میں بھی کشیدگی ہوئی  اور پولنگ اسٹیشن نمبر گیارہ میں سیاسی جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے

مزیدخبریں